جامعہ مدنیہ سبل پور،پٹنہ کے طلبہ سے دارالعلوم دیوبندکے استاذ محترم کا خصوصی خطاب
(پریس ریلیز)
آپ سب طالب علم ہیں،علم دین حاصل کرنے کے لئے یہاں آئے ہیں،اللہ نے آپ کا انتخاب طلب علم دین کے لئے کیاہے، اللہ تعالیٰ اوراس کے فرشتے اور زمین وآسمان کی ہر شے حتیٰ کہ بلوں کی چیونٹیاں اور سمندروں کی مچھلیاں بھی آپ کے لئے دعائے خیر کرتی ہیں،یہ باتیں جامعہ مدنیہ سبل پور،پٹنہ کے طلبہ کے بیچ خطاب کرتے ہوئے ام المدارس دارالعلوم دیوبند کے استاذ محترم جناب حضرت مولانامحمدعلی بجنوری صاحب نے کہیں ، انہوں نے کہا:اللہ سے محبت کرنی ہے تو تقویٰ اختیارکرو،اب تقویٰ کیاہے؟ایک بار حضرت عمرفاروق رضی اللہ عنہ نے حضرت ابی بن کعب سے کہا:کہ تقویٰ کا معنی سمجھاؤ،حضرت ابی بن کعب نے فرمایا: کیا آپ کبھی کانٹے دار جھاڑیوں والے راستے سے گزرے ہیں-انہوں نے کہا کہ ہاں-ابی بن کعب نے کہا کہ پھر آپ نے کیا کیا-عمر فاروق نے کہا کہ میں نے اپنے کپڑے سمیٹ لئے اور کانٹوں سے بچتا ہوا گزر گیا-ابی بن کعب نے کہا کہ یہی تقوی ہے-آج چاروں طرف شیاطین کھڑے ہیں،اسی سے بچ کرنکلناہی تقویٰ ہے،اور تقویٰ آتاہے،گناہوں سے بچنے سے ،اور گناہوں سے بچنے کے لئے یہ تصور اور یقین ضروری ہے کہ اللہ مجھے دیکھ رہاہے،اور یہ چیز اولیاء اور بزرگوں کی صحبت سے حاصل ہوتی ہے۔واضح رہے کہ جامعہ مدنیہ سبل پور،پٹنہ ؛ریاستِ بہارکا بہت ہی مشہور ومعروف ادارہ ہے،1989میں اکابر دارالعلوم دیوبندواکابر جمعیۃ علماء ہند کے مفید مشوروں اور دعاؤں سے حضرت مولانامحمدقاسم صاحب نے اس کو قائم کیاتھا،اور 1990 میں بھاگل پورکے فساد زدہ مظلومین کے چار بچوں سے تعلیم کا آغاز وافتتاح ہواتھا، آج الحمدللہ ایک تحریک کی شکل میں دینی،ملی،تعلیمی خدمات انجام دے رہاہے، حفظ، دینیات، ابتدائی عربی،فارسی سے عربی ششم تک کی تعلیم ہوتی ہے، 700 طلبہ کے قیام وطعام کا معقول انتظام ہے،35 اساتذہ،ملازمین ان کی خدمات اور تعلیم وتربیت پر مامورہیں،مدارس اسلامیہ کے نظام تعلیم وتربیت کو بہتربنانے میں بھی جامعہ مدنیہ کا بڑا کردار شامل رہا ہے،اس کے لئے تدریب المعلمین کا شعبہ بھی قائم ہے،اسی غرض وغایت کے تحت،جامعہ مدنیہ سبل پور،پٹنہ کے انتظام ونگرانی،رابطہ مدارس اسلامیہ عربیہ بہار شاخ کل ہند رابطہ مدارس اسلامیہ عربیہ دارالعلوم دیوبند کے زیراہتمام ،اور جناب مولانامحمدحارث بن مولانامحمدقاسم صاحبؒ مہتمم جامعہ مدنیہ کی قیادت میں،دو روزہ دینی،تعلیمی وتربیتی ورکشاپ کا انعقاد عمل میں آیا،جس میں جامعہ مدنیہ سبل پور،پٹنہ کے اساتذہ عربی،طلبہ درجات عربی،اور دیگرمدارس اسلامیہ کے درجات عربی کے اساتذہ کرام شریک ہوئے، مدرب کی حیثیت سے حضرت مولانامحمدعلی بجنوری استاذ دارالعلوم دیوبند نے شرکت فرمائی، اور کئی نشستوں میں تعلیم،طریقہ تدریس،تمرین،جیسے اہم عناوین پر سبقا،سبقا انہوں نے اساتذہ کرام کی رہنمائی فرمائی،نحو وصرف کے ابتدائی طلبہ کو کس طرح درس دیں ؟ایک ایک پہلو کو بہت ہی واضح اندازمیں بیان فرمایا،نحومیرکے کئی اسباق کو بہت ہی خوبصورتی سے انہوں نے پیش کیا،اساتذہ کرام نے بہت ہی زیادہ استفادہ کیا،اس کی آخری نشست،بعنوان دعائیہ مجلس آج دوسرے دن، بوقت دس بجے دن منعقد ہوئی،نشست کا آغازقرآن کریم کی تلاوت سے ہوا،عمرخالد نے بہت ہی خوبصورت اندازمیں قرآن کریم کی تلاوت کیا،بقاء اللہ متعلم جامعہ مدنیہ نے نعتِ نبی ﷺ پیش کیا،مدرب کی حیثیت سے تشریف فرما،مہمان خصوصی جناب مولانامحمدعلی بجنوری نے طلبہ کے بیچ ہی پرمغزخطاب فرمایا،انہوں نے کہا:آپ سب طالبان علوم نبویہ ہیں،اس لئےاللہ کی محبت پیداکیجئے،اور یہ محبت اس وقت پیداہوگی جب گناہ سے بچیں گے،انہوں نے کہا: گناہ کہتے ہیں: اللہ نے جن چیزوں کے کرنے کاحکم دیاہے،اس کو نہ کرنا،اور جس چیزوں سے منع کیاہے،اس کو کرنا،گناہ سے بچنے کے لئے ضروری ہے کہ انسان اپنے دلوں میں یہ تصور پیداکرے کہ اللہ انہیں دیکھ رہاہے۔جامعہ مدنیہ سبل پور،پٹنہ کے مہتمم جناب مولانامحمدحارث بن مولانامحمدقاسم صاحب ؒ نے مہمانان کرام کا استقبال کیا،اور ضیافت فرمائی،رابطہ مدارس اسلامیہ عربیہ بہارکے صدرمحترم جناب مولانامرغوب الرحمن معاون مہتمم جامعہ مدنیہ نے تمام نشستوں کی صدارت فرمائی،مفتی خالدانورپورنوی،مفتی عبد الاحد صاحب قاسمی نے نظامت کا فریضہ انجام دیا،جامعہ مدنیہ کے تمام اساتذہ اجلاس میں شریک ہوئے،جناب مولانامحمدعلی بجنوری صاحب کی رقت آمیز دعاء پر مجلس اختتام پذیرہوئی۔
اللہ سے محبت کرنی ہے تو تقویٰ اختیارکرو:مولانامحمدعلی بجنوری
