امارت شرعیہ بہار، اڈیشہ و جھارکھنڈ کی ترقی واستحکام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں

امارت شرعیہ بہار، اڈیشہ و جھارکھنڈ کی ترقی واستحکام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں : مفتی محمدسعیدالرحمن قاسمی

)پھلواری شریف ۸؍مارچ ۲۰۲۵) امارت شرعیہ بہار،اڈیشہ وجھارکھنڈ کے قائم مقام ناظم جناب مولانا مفتی محمد سعیدالرحمن قاسمی صاحب نے اپنے ایک اخباری بیان میں فرمایاکہ امارت شرعیہ ہمارے ایمان وعقیدہ کاایک حصہ ہے ،جس کا مقصد اقامت دین علی منھاج النبوۃ ہے، لہذا تمام مسلمان انفرادی واجتماعی زندگی کو اللہ کی ہدایت کے سانچے میں ڈھالنے کے لیے جدوجہد کریں، اسی حکم الٰہی کی تکمیل کی خاطر ہمارے بزرگوں نے سوسال قبل بہار،اڈیشہ وجھارکھنڈ میں امارت شرعیہ قائم کیا جس کا مقصد مسلمانوں کو شرعی تنظیم کے اصول پر ایک امیر شریعت کے تحت متحد و منظم کرنا ، احکام شرعیہ کے اجراء و نفاذ کی سعی ، مسلم معاشرہ کی اصلاح ، مسلمانوں میں دینی حمیت و استقامت علی الحق کے جذبہ کو فروغ دینا،تعلیم کو عام کرنا ، اسلامی تشخصات اور مسلمانوں کے آئینی حقوق کی حفاظت کرنا ہے ، ان مقاصد کے حصول کے لیے امارت شرعیہ میں کئی اہم شعبے جیسے بیت المال ، دار الافتاء، دار القضاء ، شعبۂ تبلیغ و تنظیم ،شعبۂ تعلیم، شعبۂ نشر و اشاعت اور شعبۂ تحفظ مسلمین، شعبہ امور مساجد،شعبہ تحفظ اوقاف ، شعبہ پروجیکٹ مینجمنٹ اور شعبہ اصلاحات اراضی وغیرہ کام کررہے ہیں۔ بیت المال امارت شرعیہ کا اہم ترین شعبہ ہے ؛ بلکہ یہ ادارہ کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے ۔ اسی سے تما م شعبوں کا خرچ پورا ہو تا ہے ، بیواؤں ، یتیموں ، طلبہ و معلمین اور دوسرے اہل حاجت مسلمانوں کی امداد ہو تی ہے ۔سیلاب، زلزلہ ، آتشزدگی جیسے قدرتی آفات اور فرقہ وارانہ فسادات سے تباہ حال لوگوں کی اعانت بھی بیت المال سے ہی کی جاتی ہے ،امسال شمالی بہار میں سیلاب سے متاثرمصیبت زدگان کی خصوصی اعانت کی گئی ، سال رواں میں تعمیرا ت، اسپتال، ٹیکنیکل انسٹی ٹیوٹ اور ریلیف کے اخراجات کے علاوہ امارت شرعیہ کا سالانہ بجٹ بارہ کروڑ اکسٹھ لاکھ اسی ہزار(12,61,80000,00)روپئے ہے ، روز افزوں گرانی اور دائرہ کار میں ہو رہی وسعت و ترقی کی وجہ سے اخراجات میں ہرآئے دن اضافہ ہورہاہے۔

امارت شرعیہ نے سی اے اے، این پی آر اور این آر سی ، یوسی سی، وقف ترمیمی بل۲۰۲۴ء جیسے خطرناک قوانین سے نمٹنے اور اسے نافذ کرنے سے روکنے اوراس سلسلہ میں عام لوگوں کے اندر بیداری پیدا کرنےکے لیے گراں قدر خدمات انجام دی ہے ۔ نئے دار القضاء کا قیام عمل میں آیا ،کئی اہم نئے شعبے قائم ہوئے ہیں، معیاری عصری تعلیم کے لیے سی بی ایس ای کے طرز پر امارت پبلک اسکول پہلے بھی کئی مقامات پر قائم تھے، امیر شریعت مفکر ملت حضرت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی دامت برکاتہم کے حکم وہدایت پر اس سال بھی کئی اسکول اور تعلیمی ادارے قائم ہوئے۔ان سب کاموں کی انجام دہی اہل خیرمخلصین و محبین امارت شرعیہ کے تعاون سے ہی ممکن ہو سکا ہے،اس سال کئی مقامات پراسکول اور ہاسپیٹل کے قیام کا منصوبہ ہے ۔کئی جگہوں پر کام جاری ہے، ضرورت ہے کہ ملک کے اہل خیر حضرات ودیگر مخلصین و ہمدردان امارت شرعیہ بھر پور توجہ فرمائیں اور رمضان کے مبارک مہینہ میں خصوصی عطیات ، زکوٰۃ و صدقۂ فطر کی رقوم سے بیت المال امارت شرعیہ کو مستحکم کریں۔ اگر امارت شرعیہ کا کوئی نمائندہ آپ تک نہ پہونچ سکے تواپنا گراں قدر خصوصی عطیات ، زکوۃوصدقات اورصدقۃ الفطر مندرجہ ذیل پتہ پر بھیجیں ۔یا براہ راست امارت شرعیہ کے درج ذیل اکاؤنٹ یا کے ذریعہ جمع کریں۔ـ

Name: Imarat Shariah

Bank: Axis Bank

A/c No:918020107701035

IFSC Code: UTIB0003615

Branch :Phulwari Sharif Patna

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے